6ستمبرتاریخ کاقابل فخر دن، بھارتی افواج کو منہ کی کھانی پڑی، لطیف اکبر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) 6ستمبر ہماری تاریخ کا وہ قابل فخر دن ہے جس دن 1965ء میں پاک افواج اور قوم کی تاریخ ساز یکجہتی و اتحاد کے سامنے جارح بھارتی افواج کا غرور و تکبر خاک میں ملا اور بھارتی افواج کو منہ کی کھانی پڑی۔ بھارتی افواج نے اپنی مکروہ آنکھوں سے ایسی مزاحمت دیکھی جس کا وہ گمان بھی نہیں کر سکتے تھے۔بھارت عددی اکثریت کے غرور میں پاکستان پر حملہ کرنے کی تاریخی غلطی کا مرتکب ہوا اور اُلٹے پائوں واپس ہونے پر مجبور ہوا، دنیائے عالم کے سامنے بھارت کو جو رُسوائی ہوئی وہ رُسوائی آج بھی بھارت نہیں بھلا سکا۔ہم اپنے ارفع شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ اُنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے وطن عزیز پر آنچ نہ آنے دی۔ان خیالات کا اظہار سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے6ستمبر یوم دفاع کی نسبت سے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل پاک افواج اور ملی یکجہتی نے جوبھارتی افواج کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا وہ بھارت کے لیئے ڈرائونے خواب سے کم نہیں، جس سے چھٹکارہ حاصل کرنا بھارت کے بس سے باہر ہے۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاک افواج جہاں پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں وہاں انتہائی ذمہ دار بھی ہیں۔ بھارت جس نے پاکستان کے وجود کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے مغائر غیر ذمہ دارانہ عمل کا مرتکب ہوا اُسے ہر بین الاقوامی فورم پرہزیمت ہی اُٹھانی پڑی۔اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج جو کہ نہتے مگر قوت ایمانی سے لبریز کشمیریوں کے ہاتھوں تباہ و رسوا ہو رہی ہیں وہ مضبوط و مستحکم دفاعی صلاحیت کے حامل ہمارے ملک پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کا گمان بھی نہ کریں۔سپیکر اسمبلی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم اور فاشسٹ ہندو توا کے پیروکاروں کو کشمیر کے ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچانے کی کھلی چھٹی دینے کی بجائے اقوام متحدہ کی ساکھ کو بحال کرتے ہوئے بھارت کو مجبور کریں کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کواُن کا تسلیم شُدہ حق خود ارادیت دینے میں مزید دیر نہ کرے۔یہ عمل خود بھارتی وجود کے لیئے مفید ہے۔
Comments are closed.