اسلام آباد میدان جنگ میں تبدیل ،کھلاڑی اورپولیس آمنے سامنے عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈی چوک سےگرفتار
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)اسلام آبادمیدان جنگ میں تبدیل ،پی ٹی آئی کارکنان اورپولیس آمنے سامنے، پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شہراقتدار میدان جنگ کا منظرپیش کرنے لگا،مختلف مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے آئے،
جبکہ کہیں کہیں آنکھ مچولی لگی رہی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے جناح ایونیو چائنہ چوک کے قریب شیلنگ کی گئی،جناح ایونیو بلیوایریا میں پولیس اورتحریک انصاف کے کارکنان میں آنکھ مچولی جاری رہی۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ کی گئی جبکہ کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا،
پی ٹی آئی کارکنان وقفے وقفے سے بلیو ایریا میں اکٹھے ہوئے،ایکسپریس وے پر سوہان کے قریب پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھڑپیں ہوئیں،راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ کی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اسلام آباد کے ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس نے عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈی چوک سےگرفتار کرلیا۔
پولیس علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو وین میں بٹھا کر لے گئی۔ پولیس نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو تھانا ویمن منتقل کردیا۔ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد احتجاج کیلئے قافلہ پشاور ٹول پلازہ پہنچ گیا ہے،
ہزاروں کارکنوں نے وزیر اعلیٰ کا ٹول پلازہ پر استقبال کیا، قافلے میں ایمبولنسز، فائربریگیڈ کی گاڑیاں شامل ہیں جبکہ رکاوٹوں کو ہٹانے کےلیے کرینیں اور ایکسکیویٹر بھی موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال کے باعث دارالحکومت اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور موبائل فون سروسز معطل ہے۔
احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کو ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے، فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ، مارگلہ روڈبھی کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئ ہے،
سنگجانی فیض آباد، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ فلائی اوور اور انڈر پاس پر بھی کنٹینرز پہنچا دیےگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے سرائےعالمگیر سےجہلم، گجرات سے وزیرآباد کو ملانے والے 4 پل ٹریفک کیلئےبند کردیئے گئے ہیں، لاہور، منڈی بہاالدین، کھاریاں، گوجرنوالہ سےاسلام آباد اور راولپنڈی کو جانے والے چھوٹے بڑے راستے بھی بند ہیں۔
منڈی بہاالدین میں بھی احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ متحرک نظر آرہی ہے اور کنٹینرز لگا کر راستے مکمل طور پر بند کردیئےگئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جی ٹی روڈ دریائے جہلم اور دریائے چناب پر زمینی راستوں کو ملانے والے پل کو بھی بندکردیا گیا ہے
Comments are closed.