صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،چیف سیکرٹری 

صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،چیف سیکرٹری
صحت کے اداروں کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے، ہسپتالوں کی مکانیت کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں، آزاد کشمیر گزشتہ پچیس 25 سالوں سے پولیو فری ہے

جہلم ویلی ( بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر داؤد محمد بڑیچ نے جہلم ویلی کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف سیکرٹری سلامی پیش کی۔

چیف سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یاسین کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری محمد داؤد بڑیچ نے ہسپتال کیوارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے گفتگو کے دوران مسائل دریافت کیے۔ چیف سیکرٹری نے ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری داود محمد بڑیچ نے کہا کہ حکومت آ زاد کشمیر کی ترجیحات کے مطابق صحت کی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی، صحت کے اداروں کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے،

ہسپتالوں کی مکانیت کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر واحد خطہ ہے جو گزشتہ پچیس 25 سالوں سے پولیو فری ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہسپتال کے سٹاف کو ہدایت کی کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتائی نہ برتی جائے، ہسپتال کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے ہیلتھ پیکج دیا ہے جس کے تحت ہسپتالوں کی ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔ وسائل کے دائرہ کار میں رہ کر چیزوں کو بہتر کیا جائیگا۔ چیف سیکرٹری سے چیئرمین ضلع کونسل، چیئرمین بلدیہ، وکلاء، انجمن تاجران اور دیگر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا یونیورسٹی کی مکانیت، بائی پاس روڈ، ڈسٹرکٹ کمپلکس فیز 2، پولیس نفری سمیت دیگر مسائل نوٹس میں ہیں۔

چیف سیکرٹری سے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی آ فیسران نے بھی ملاقات کی۔ چیف سیکرٹری نے ضلعی افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ چیف سیکرٹری سے پریس کلب کے ممبران نے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی، ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین، ایم ایس ڈاکٹر یاسین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ضلعی آ فیسران، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندہ گان،وکلاء اور دیگر بھی موجود تھے۔

کیپٹن حسین خان شہید کی 77ویں برسی،گارڈ آف آنر پیش

Leave A Reply

Your email address will not be published.