پی ٹی آئی احتجاجی کال کی واپسی عمران خان کی رہائی سے مشروط تحریک انصاف کے مقتدرہ سے پس پردہ مذاکرات ، اپوزیشن جماعت نے 24نومبرکی کال واپسی کیلئے شرائط پیش کردیں
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ پس پردہ مذاکرات میں 24 نومبر کی احتجاج کی کال کی واپسی عمران خان کو ریلیف سے مشروط کردی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مقتدرہ سے پس پردہ مذاکرات جاری ہیں جس میں اپوزیشن جماعت نے 24نومبرکی کال واپس لینے کیلیے شرائط پیش کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پس پردہ مذاکرات میں تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے خیبرپختونخوا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جاری مذاکرات میں ایک دو روز میں پیشرفت کا امکان ہے۔اس سوال پر کہ کیا بانی پی ٹی آئی کو باہر منتقل کرنے کا آپشن بھی ہے؟
ذرائع نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو بیرون ملک بھیجنے کی پیشکش پہلے ہی کی جاچکی ہے لیکن وہ آمادہ نہیں۔پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مطالبات رکھ دیے، مان گئے تواحتجاج کی کال واپس لیں گے،
حکومت نہ مانی توفائنل کال کی تیاری مکمل ہے، ہم نے خواتین قیدیوں سے متعلق بھی مطالبات رکھے ہیں۔اس سوال پر کہ کیا مذاکرات محسن نقوی کے ساتھ ہو رہے ہیں؟ ذرائع پی ٹی آئی نے کہاکہ نہیں، ہمارے براہ راست مذاکرات ہورہے ہیں۔