صدارتی آرڈیننس کو مسلم کانفرنس نے مسترد کر دیا

صدارتی آرڈیننس کو مسلم کانفرنس نے مسترد کر دیا

دھیرکوٹ/غازی آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدروسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس ایک کالا قانون ہے صدارتی آرڈیننس کے تحت آزاد کشمیر میں انسداد دھشت گردی فورس کے لیے محکمہ پولیس میں غیر ریاستی غیر مقامی بھرتی جیسے غیر سنجیدہ غیر دانشمدانہ دونوں اقدامات کو مسلم کانفرنس مسترد کرتی ہے

ریاست حکومت آزاد کشمیر اس کو فوری واپس لے کیونکہ یہ سراسر انسانی حقوق جمہوری قدروں کے منافی ہے اس سے نہ صرف آزاد کشمیر کی پرامن فضاء خراب ہو گی بلکہ پاکستان مخالف قوتوں کو پھر سے سر اٹھانے کا موقعہ ملے گا

اگر صدارتی آرڈیننس کو قانونی جواز فراہم کرنے یا منظور کرنے کوشش کی گئی تو مسلم کانفرنس حکومت سے علیحدگی اختیار کرلے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماسردار تیمور عباسی مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تعزیتی ریفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان مسلم کانفرنس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تعزیتی ریفرنس تقریب میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سنئر رہنما عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ میجر ر نصراللہ خان مولانا عثمان عباسی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ سردار ماجد افسر صدر مشن کشمیر ٹاسک فورس ڈاکٹر عابد سلیم اعوان سردار کمال خان راجہ شیش خان سردار طارق عباسی سردار عرفان عباسی سردار لعل خان سردار تجمل عباسی سردار شوکت افضل راجہ تبارک علی خان سردار عتیق عباسی راجہ یٰسین لقمان سید امجد گردیزی ایڈووکیٹ راجہ منیر خان راجہ خورشید خان راجہ شہباز عبدالقدوس عباسی و دیگر نے خطاب کیا اور سردار تیمور عباسی کی سیاسی سماجی خدمات پر زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ کہا کہ صدارتی آرڈیننس کالا قانون ہے مسلم کانفرنس ایسے کسی قانون کی حمایت نہیں کر سکتی جو لوگوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہو۔حکومت آزاد کشمیر کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور تمام اسٹیک ہولڈر سے مشورہ کرنا چاہیے اس طرح کے اقدامات سے افراتفری میں اضافہ ہو رہا ہے

آزاد کشمیر کے حالات اچھے نہیں ہیں۔محکمہ پولیس کے اندر غیر ریاستی افراد کی بھرتیوں سے ریاست کے اندر نیا فتنہ جنم لے گا۔اگر آزاد کشمیر کے اندر ریٹائرڈ فوجیوں سے خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں ضروری نہیں کہ غیر ریاستی افراد کو بھرتی کیا جائے۔

آزاد کشمیر کے حالات ذرا سنبھلتے ہیں کہ حکومت آزاد کشمیر نئے تجربے کرنا شروع کر دیتی ہے۔مسلم کانفرنس کا ان حالات میں حکومتی بنچوں پر بیٹھنے کا جواز نہیں ہے اگر صدارتی آرڈیننس واپس نہ لیا گیا تو مسلم کانفرنس حکومتی بنچوں سے فوری علیحدہ ہو جائے گی۔

وزیر اعظم آزادکشمیر انوار الحق ایک قابل ترین شخصیت ہیں حالات کی نزاکت کا علم ہونے کے باوجود پتہ نہیں ان کو ایسے اقدامات کرنے کا کون مشورہ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیمور عباسی ہمارے خاندان کاقیمتی اثاثہ تھے جن کی وفات ایک بڑا سانحہ ہے۔

مرحوم کی سیاسی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتا۔مرحوم مرتے دم تک عوام کی خدمت میں صف اول میں کھڑے رہے اور بیماری کی حالت میں بھی انہوں نے علاقہ کیلئے اپنے آپ کووقف کیے رکھا۔سردار تیمورعباسی کے والد محترم سردار عبدالستار عباسی بھی موجود تھے شرکاء نے ان سے اظہار تعزیت بھی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.