تتہ پانی،دوسرے روز بھی مکمل پہیہ جام وشٹر ڈاؤن ہڑتال
تتہ پانی (نمائندہ خصوصی)جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر تتہ پانی میں بھی دوسرے روز بھی مکمل پہیہ جام وشٹر ڈاؤن رہا،رضا کارانہ طور پر تاجر برداری نے اپنے کاروباری مراکز جبکہ ٹرانسپورٹرزنے ٹرانسپورٹ کو بند رکھا،
پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے ضروری کاموں کے سلسلہ میں سفر کرنیوالے عام شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا،طلباء وطالبات سکولوں وکالجوں میں نہیں پہنچ سکے جبکہ ملازمین کو دفاتر تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا رہا،
عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی میں تاجر برداری وسول سوسائٹی نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی،
شرکاء احتجاجی ریلی کی شدید نعرے بازی ے تتہ پانی شہر کی فضاء گونج اٹھی،میلاد چوک تتہ پانی میں احتجاجی ریلی وجلسہ سے ممبر ڈسٹرکٹ کونسلر ملک عبد الرحیم ایڈووکیٹ،ایاز کریم،قمر رضا چوہدری،خضر عباس،عبدالوحید چوہدری،احسن آفتاب و دیگر نے خطاب کیا،
حکومت اور اسکے ذمہ داران کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اورجموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہر کال پر متحد ہو کر چلنے کا عزم کیا،
انہوں نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل انٹری پوائنٹس کی بندش کے مطابق کل سات دسمبر کودن 10بجے ضلعی ہیڈکواٹر کوٹلی کی جانب اور وہاں سے مرکزی قافلہ کے ساتھ ہولاڑ انٹری پوائنٹ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا،
مقررین نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر بالکل سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی بلکہ جان بوجھ کر حالات خراب کررہی ہے،ہم متنازعہ صدارتی آرڈیننس کی منسوخی، گرفتارافراد کی رہائی اور دیگر مطالبات کے پورے ہونے تک احتجاجی جاری رکھیں گئے۔
Comments are closed.