میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)یس ایس پی میرپور خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ حدودتھانہ پولیس افضلپور و ضلع میرپور میں ڈکیتیوں کی واردیتیں کرنے والا03 رکنی بین الصوبائی گروہ گرفتار، مال مسروقہ برآمد، جہانگیرہ کے پی کے کاروباری شخص سے نوسربازی کر کے 01کروڑ سے زائد رقم ہتھیانے والا 05رکنی گروہ گرفتار،35لاکھ روپے رقم برآمد اور ماہ دسمبر کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و منشیات برآمد کی گئیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پریس بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی عنصر علی اور ایس او یچ او صاحبان بھی موجود تھے۔ایس ایس پی خاور علی شوکت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حدود تھانہ پولیس افضلپور09دسمبرکو بمقام جوئیاں پلی سے مسمی آفتاب علی ساکن جنگیاں کوٹلہ تحصیل و ضلع میرپور جو اپنی بیوی کے ساتھ جارہا تھا کہ 03 ملزمان نے اسے گن پوائنٹ پر روکا اور رقم نقدی 29000روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
اسی روز بمقام جوئیاں سے ایک موٹرسائیکل سوار باو عنصر ساکن رائے پورسے گن پوائنٹ پر 3000 روپے چھین لئے اور تیسری واردات بمقام بیلہ ایریا حدود تھانہ پولیس افضلپورسے ایک موٹر سائیکل سوار وحید مراد ولد محمد فاضل قوم ملک ساکن ملکا آباد کلری ضلع بھمبر سے گن پوائنٹ پر 95000روپے نقدی، ایک عدد موبائل فون، 2200سعودی ریال جبراً چھین کر فرار ہوئے۔
مزاحمت پر سائل کو پستول کا بٹ مار کر بھی زخمی کیا اور چوتھی واردات رٹھوعہ ہریام برج پل پر پیدل جانے والے شخص سے گن پوائنٹ پر 3000چھینے اور پانچویں واردات میں شمر یز علی ولد محمد سلیم قوم جاٹ ساکن راٹھیاں کھاڑک کی دوکان سے 03لاکھ روپے اور 01 عدد موبائل فون چھینا۔
جس پرارشدمحمود افسرمہتمم تھانہ پولیس تھانہ افضلپور و ان کی ٹیم نے شب و روز محنت کرتے ہوئے جدید سائینٹفک بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے 03 ملزمان توصیف اظہر ولد سیف اللہ قوم گل ساکن مولو چک حافظ آباد،عدیل ولد اسلم قوم گوندل ساکن ممدانہ لوک تحصیل پھالیہ ضلع منڈی بہاوالدین، امتیاز احمد ولد شان قوم گوندل ساکن دھنی کلاں تحصیل پھالیہ ضلع منڈی بہاوالدین کو ٹریس و گرفتار کیا اور ملزمان کی نشاندہی و قبضہ سے 02 عدد سرقہ شدہ مستعملہ واردات موٹرسائیکل،02 عدد موبائل فون، مسروقہ نقدی کل مالیتی مبلغ تقریباً 5لاکھ(بشکل پاکستانی کرنسی / سعودی ریال و مال مسروقہ)03 عدد پستول معہ 02 میگزین اور 06راوند بھی برآمد کئے گئے۔
ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک واردات بمقام کھاڑک اور ایک واردات رٹھوعہ ہریام پل کے قریب بھی کی تھی،علاوہ ازیں ملزم توصیف کے خلاف ڈکیتی و چوری وغیرہ کے 69مقدمات ملزم عدیل کے خلاف 11 مقدمات اور ملزم امتیاز کے خلاف 20مقدمات علاقہ پاکستان کے مختلف تھانہ جات میں درج ہیں۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ تھانہ پولیس تھوتھال کی حدود میں نوسربازی، جعل سازی اور فراڈ کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے کاروبار کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے ہتھیانے والے 06رکنی گروہ راجہ احسان اختر ولد راجہ محمد حفیظ ساکن سنگڑھ، اخلاق حسین ولد محمد الطاف ساکن چکار ضلع جہلم حال سیکٹر ایف فور میرپور، محمد شہزاد ولد راجہ رزاق خان ساکن سماہنی ضلع بھمبر، مطلوب حسین ولد راجہ محمد موسیٰ خان ساکن پلنگ تحصیل و ضلع بھمبر، یاسر اللہ ساکن باغسر تحصیل سماہنی ضلع بھمبر، ناصر ولد نصر ساکن سنگڑھ تحصیل و ضلع بھمبر کو ٹریس کیا گیا۔
جس میں سے ایک ملزم کی گرفتاری باقی ہے، ملزمان سے تاحال 35لاکھ روپے کی ریکوری ہوچکی ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے ایک عدد چھوٹا بیگ جس میں سے 500/500 روپے بنانے والی ڈائی، کیمیکل معہ کاغذات (جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والے پیپر) بھی برآمد کئے گئے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ڈڈیال پولیس نے دھان گلی چیک پوسٹ کے مقام پر چیکنگ کے دوران خیبر پختون خواہ سے میرپور اسلحہ کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ریوو گاڑی کی ڈگی میں چھپائی گئی 30 بور کا غیر قانونی ایمونیشن تعدادی 23 ہزار 500 گولیاں برآمد کرتے ہوئے اسلحہ سمگلر نقیب خان ساکنہ درہ آدم خیل، امجد خان ساکنہ درہ آدم خیل کو گرفتار کرلیا ہے،
جبکہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی فور ڈور ریوورجسٹریشن نمبر ATV-687کو بھی ضبط کی گئی۔ اسی تفتیش کے تسلسل میں دوران تفتیش ملزمان کے انکشافات پر غیر قانونی اسلحہ 06پستول، 02 رائفل 12بور، 01 رائفل 222، 01 رائفل 07 ایم ایم اور 500راوند گولیاں غیر قانونی اسلحہ ڈیلر ملزم عنایت الرحمن ولد محمد رفیق ساکن سیکٹر 1میرپور سے برآمد کی گئی۔
رواں ماہ دسمبر 2024اسلحہ ومنشیات کے حوالہ سے متعدد کاروائیاں کی گئی ہیں۔ رواں ماہ منشیات کے 19مقدمات بخلاف 34ملزمان درج رجسٹر کیے گئے جن میں 355بوتل،180لیٹرشراب،05کلو 130گرام چرس،165 گرام آئس برآمد کی گئی ہے اور اسلحہ ناجائز کے 05مقدمات بخلاف 07ملزمان درج رجسٹر کے گئے جن سے 09پستول، 23543روند اور 09میگزین برآمد کیے گئے۔ضلع میرپور پر امن خطہ ہے۔جہاں جرائم پیشہ عناصر کی کوئی جگہ نہ ہے۔پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ آئندہ بھی ضلع میرپور کی پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی ضابطہ عمل میں لاتی رہے گی۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے مزید کہا کہ میرپور پولیس عوام کے جان ومال کی حفاظت اور جرائم کے خاتمہ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ پولیس سے تعاون کریں اور اپنے اردگرد کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع کریں۔شہریوں کی کوارڈنیشن کے بغیر پولیس سو فیصد جرائم کا خاتمہ نہیں کرسکتی
انھوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ کوئی مکان،دوکان یا دیگر پراپرٹی کی حفاظت کے لیے رکھے جانے والے افراد کی اپنے تھانوں میں رجسٹریشن کروائیں تاکہ ان کا ڈیٹا پولیس کے پاس موجود ہو۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت میرپور میں سی سی ٹی وی کیمرہ جات فنکشنل کریں گے اس طرح مختلف سیکٹروں میں نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمرہ جات کو پولیس کنٹرول روم سے لنک کررہے ہیں تاکہ کسی بھی علاقہ میں ہونے والے جرائم کے بارے میں پولیس کی تفتیش میں مدد مل سکے۔