بی آئی ایس پی کی شہید بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کی تقریب
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی پر قرآن خوانی کی محفل کا انعقاد
آج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ہیڈ کوارٹرز میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر ان کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت محفل میں بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی خصوصی ہدایات پر ملک بھر میں موجود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام دفاتر میں بھی قرآن اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔شہید محترمہ نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تصور کی بنیاد رکھی تھی جسے سال 2008 میں صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری نے عملی جامہ پہنایا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا تخیف غربت و سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جو پاکستان کی غریب خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بناتے ہوئے ان کی زندگیوں میں مثبت اثرات مرتب کررہا ہے۔
قرآن خوانی کے اختتام پر شہید محترمہ کی کامل مغفرت، بلند درجات ، ان کےدُکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھنے، پاکستان اور بالخصوص بی آئی ایس پی کی ترقی کیلئے دُعا کی گئی۔بی آئی ایس پی سٹاف نے محترمہ بینظیر بھٹو کی عوامی خدمات اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بی بی شہید کے خواتین کی خود مختاری اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزیدمستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔