میرپور،ادارہ ترقیات کےمسائل پرمذاکرات کامیاب، ہڑتال مؤخر

میرپور،ادارہ ترقیات کےمسائل پرمذاکرات کامیاب، ہڑتال مؤخر

میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ میرپور کے ساتھ پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن، عوامی ایکشن کمیٹی، اور دیگر تنظیمات کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ مذاکرات کے نتیجے میں ادارہ ترقیات میرپور کے جملہ مسائل خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے، جس پر پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیمات نے 6 جنوری کو دی جانے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیمات نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم چوہدری انوار الحق، وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان، اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا

مشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور ادارہ ترقیات کے افسران نے پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ:

ایسے تمام پلاٹس جو درست طور پر الاٹ شدہ ہیں اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی زد میں نہیں آتے، ان پر ادارہ ترقیات کارروائی کرسکتا ہے۔

ایسے پلاٹس جو مفاد عامہ، سرکاری اداروں کی اراضی، یا پرائیویٹ اراضی پر نہ ہوں اور جن کے کسی عدالت میں مقدمات زیر التوا نہ ہوں، ان پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

ادارہ ترقیات کو ہدایت کی گئی کہ معزز عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

کمشنر چوہدری مختار حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مکتوب پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان شیخ رشید، پروفیسر اذکار مرزا، خواجہ رشید لون، اور دیگر تنظیمات کے ذمہ داران کی موجودگی میں حوالے کیا۔

مذاکرات کی کامیابی پر 6 جنوری کی ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی، جسے کاروباری برادری اور عوام نے خوش آئند قرار دیا۔

 

 

 

 

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.