بلات کی عدم ادائیگی،کنٹریکٹرایسوسی ایشن کوٹلی کااحتجاج

کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کوٹلی کا بلات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج, حکومت فی الفور ورک ڈن بلات کی ادائیگی کو یقینی بنائے

کوٹلی(کشمیر ایکسپریس نیوز) کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کوٹلی کا بلات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج۔ حکومت فی الفور ورک ڈن بلات کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ ورک ڈن بلات روکنا سمجھ سے باہر ،وزیراعظم آزاد کشمیر فوری طور پر ورک ڈن بلات جاری کرنے کے لیے احکامات صادر فرمائیں۔ بصورت دیگر ایکسیئن کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق کنٹریکٹر ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی کے زیر اہتمام ورک ڈن بلات کی عدم ادائیگی کے خلاف پروفیسر غضنفر ،شہباز شکور ملک ،حافظ محبوب ،حاجی ظفر،سہیل بابو،لبیب اسلم،وقاص راجہ،راجہ قاسم ،راجہ غفارودیگر کنٹریکٹرز نے احتجاج کیا ۔

احتجاجی مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے عہدیداران نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سے کریڈٹ ریلیز ہونے کے باوجود ابھی تک بلات روک رکھے ہیں جو کہ سراسر زیادتی ہے ۔کنٹریکٹرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اب مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ کنٹریکٹرز کے ساتھ سینکڑوں گھرانوں کا رزق وابستہ ہے ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں۔اب اس صورتحال میں مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ ورک ڈن بلات کو حکومت اقساط میں تھوڑا تھوڑا کر کے جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے۔ دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے بلات کو بلا وجہ روک کر کنٹریکٹرز کو ذہنی اذیت سے دوچار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک دن کے اندر ضلع کوٹلی کے کنٹریکٹرز کو پوری ادائیگی کی جائے۔ ورک ڈن بلات ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسئین کے دفتر کے بعد دھرنا دے کر بیٹھے رہیں گے جب تک ہمارے بلات واگزار نہیں ہوتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.