بریڈفورڈ،یونس چوہدری کوایم بی ای کااعزاز،پروقار تقریب

بریڈفورڈ،یونس چوہدری کوایم بی ای کااعزاز،پروقار تقریب

بریڈفورڈ (کشمیر ایکسپریس نیوز) معروف برٹش کشمیری کاروباری شخصیت یونس چوہدری کو ایم بی ای کا اعزاز ملنے پر بزنس مین ملک غفور کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں بریڈفورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ، معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد مالک ،آزاد کشمیر سے آئے ہوئے سینئر صحافی انصر محمود غزالی، ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق، سابق لارڈ میئر غضنفر خالق، سابق لارڈ میئر شبیر حسین، سینئر صحافی ظفر تنویر، ویسٹ یارکشائر ڈپٹی لیفٹیننٹ صوفیہ بونسی، راجہ ادریس، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

مہمانوں نے یونس چوہدری کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے شرکاء نے کہا کہ یونس چوہدری کی کامیابیاں اور ان کی کمپنی ریگل کی عالمی سطح پر پہچان نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں محنت اور دیانتداری کرنے والے افراد نہ صرف کامیابی حاصل کرتے ہیں بلکہ حکومت برطانیہ بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازتی ہے۔
یونس چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی کامیابی کی کہانی بیان کی اور کہا کہ کامیابی کے لیے ایمانداری اور مستقل مزاجی سے کام کرنا ضروری ہے۔ شاٹ کٹس یا غیر روایتی طریقے کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ میری کامیابی میں میری فیملی اور بچوں کا تعاون شامل ہے، جنہوں نے محنت اور دیانتداری سے مجھے اس مقام تک پہنچایا۔ یہ سب دعاؤں اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے کہ آج مجھے یہ اعزاز ملا۔”
بریڈفورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونس چوہدری نہ صرف بریڈفورڈ بلکہ پوری کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہیں۔ ہماری کمیونٹی نے برطانیہ میں اپنی محنت اور دیانتداری کے ذریعے تاریخ رقم کی ہے۔

آج ہمیں کمیونٹی کے مثبت پہلوؤں اور کامیابیوں کو اجاگر کرنا چاہیے تاکہ ہماری نوجوان نسل ان کامیابیوں کو مشعل راہ بنائے۔ بریڈفورڈ کلچرل سٹی 2025 اس کامیابی کی روشن مثال ہے، جو ہمارے بزرگوں کی محنت اور نوجوانوں کے شاندار کردار کا نتیجہ ہے۔”
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق لارڈ میئر غضنفر خالق، سابق لارڈ میئر شبیر حسین، سینئر صحافی ظفر تنویر، ساجد حسین، ڈپٹی لیفٹیننٹ صوفیہ بونسی، کونسلر محمد شفیق، اور دیگر مقررین نے کہا کہ برطانیہ ہمارا ملک ہے، اور یہاں ہماری چوتھی نسل پروان چڑھ رہی ہے۔

ہمیں اس معاشرے کا اہم حصہ بن کر زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کرنا ہوں گی۔ یونس چوہدری جیسی شخصیات ہماری کمیونٹی کے لیے مشعل راہ ہیں، اور ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے برطانیہ کی معیشت اور سماج میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر یونس چوہدری کو ایم بی ای کا اعزاز ملنے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ شرکاء نے یونس چوہدری کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ یونس چوہدری کی کمپنی ریگل کی مصنوعات آج نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں برآمد کی جا رہی ہیں، اور کمپنی 300 سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے۔

تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ برٹش ایشیائی کمیونٹی کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ کر اپنی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں ان سے تحریک لے کر ترقی کے نئے سفر کا آغاز کر سکیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.