وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا دورہ بغداد،پرتپاک استقبال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا دورہ بغداد،پرتپاک استقبال

بغداد(کشمیر ایکسپریس رپورٹ) پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بغداد پہنچے جہاں وہ 9ویں مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور یہ 2001 میں اسلام آباد میں منعقدہ آخری اجلاس کے بعد پہلا موقع ہے۔

بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جناب جام کمال خان کا پرتپاک استقبال عراق کے وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات، بنگن رکانی نے کیا۔ پاکستانی سفیر برائے عراق، محمد ذیشان احمد، اور دیگر سفارتی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ہوائی اڈے پر دونوں وزراء کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔جام کمال خان کا دورہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس کے دوران ہونے والا 9واں جے ایم سی اجلاس اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

دو دہائیوں کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والے اس اجلاس کی تاریخی حیثیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.