چوتھے آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کراچی آمد
کراچی(کشمیر ایکسپریس نیوز)پاک بحریہ کا چوتھا آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کراچی پہنچ گیا۔ جہاز کی کراچی آمد پر پی این ڈاکیارڈ میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل عبد المنیب اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلِیٹ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی این ایس یمامہ کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان جدید ترین کثیر جہتی جہازوں کی شمولیت سے بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام کو بھی تقویت ملے گی۔ پی این ایس یمامہ درمیانے سائز کا ایک کثیرالمقاصد اور انتہائی سبک رفتار جہاز ہے جو اپنی حفاظت اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔
یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کو ساتھ رکھتے ہوئے آزادانہ طور پر اور کسی بھی ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پی این ایس یمامہ آف شور پٹرول ویسل بیچ- II کا چوتھا جہاز ہے؛ جسے ڈیمن شپ یارڈز، گلاتی، رومانیہ میں بنایا اور کمیشن کیا گیا ہے۔
Comments are closed.