آزاد کشمیر ،پاکستان ودنیابھرمیں یوم یکجہتی کشمیرمنایاگیا

آزاد کشمیر ،پاکستان ودنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں وکشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پاکستان ودنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

یہ دن مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے منایا جاتا ہے۔ یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل رہی ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واکس کا اہتمام کیا گیا سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

پاکستان آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیاپاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے علاقوں منگلا’ کوہالہ’ برار کوٹ’ آزاد پتن اور ہولاڑ پل پر انسانی زنجیریں بھی بنائی گئیں

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم پاکستان نے شرکت کی اور خطاب کیا اجلاس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیرکے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا

قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے اور مسئلہ کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میرے لئے باعث اعزاز ہے، حکومت اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے ہمارے پختہ عزم کی تجدید کا دن ہے، 5 فروری کا دن بھارت کو چیخ چیخ کر یاد دلاتا ہے کہ کشمیر 5 اگست 2019ء جیسے اقدامات سے کسی کا حصہ نہیں بن سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کیلئے پاکستان کی حمایت میں کمی آئی نہ آئیگی، بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی ونتیجہ خیز مذاکرات کرے

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑیں، 10 مزید لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔پاک فوج ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف جموں و کشمیر یادگار گئے اور وہاں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

انہوں نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔جنرل سید عاصم منیر نے کشمیر میں جاری مشکل آپریشنل حالات میں متعین افسران اور فوجیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ برتری اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی۔ اپنے دورے کے دوران جنرل عاصم منیر نے کشمیر کی معروف شخصیات اور سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور غیر قانونی طور پر بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی پائیدار حمایت کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیر کے عوام کی خود ارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت دیتی ہے۔

صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو بدلنے کی جو مذموم کوشش کی، وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیر قانونی اقدام کو مسترد کرے

آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی آزادکشمیر میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی

سپہ سالار پاک فوج جنرل عاصم منیر کو آزادکشمیر میں‘‘یادگار شہدا’’مظفر آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، اس سے مقبوضہ کشمیر میں یہ پیغام گیا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گی۔ دوٹوک انداز میں کہتا ہوں کہ پاکستان ہماری منزل ہے اور مملکت خداداد پاکستان ہی بھارت کے‘‘توسیع پسندانہ اقدامات’’کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عالمی برادری بھارتی جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے

Comments are closed.