امیر البحر کا نویں کثیر القومی بحری مشق امن میں شریک غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ
کراچی(کشمیر ایکسپریس نیوز)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نویں کثیر القومی بحری مشق امن 2025 میں شریک ممالک کے بحری جہازوں کا دورہ کیا۔ غیر ملکی بحری جہازوں پر سینئر افسران/کمانڈنگ آفیسرز نے نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان سمندری سیکیورٹی اور امن و امان کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول اور کثیر القومی مشق امن جیسے اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ امن مشق خطے میں امن کے قیام، علاقائی بحری سلامتی اور بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
مزید برآں، نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشق سے شروع ہونے والا تعاون اور شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی اور ہمیں امن اور خوشحالی کے باہمی مقصد کے قریب لائے گی۔ انہوں نے “امن کے لیے متحد” کے مشترکہ عزم کو پورا کرنے کے لیے امن مشق میں ان ممالک کی شرکت کو سراہا۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے کثیر القومی بحری مشق امن 2025 میں شرکت کرنے والے جہازوں میں سے بنگلہ دیش کے بحری جہاز بی این ایس سومودرا جوائے، چین کے بحری جہاز پی ایل اے (این) گائویوہو، انڈونیشیا کے بحری جہاز کری بنگ ٹومو، ایران کے بحری جہاز آئی آر ایس جمران، جاپان کے بحری جہاز جے ایس مراسامے، ملائیشیا کے بحری جہاز کے ڈی ترینگنو، سری لنکا کے بحری جہاز ایس ایل این ایس وجئے اباہو، متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی کلاس بحری جہاز اور امریکہ کے بحری جہاز یو ایس ایس لیوس بی پلّر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امیر البحر نے سینئرعسکری حکام اور کمانڈنگ آفیسرز سے بات چیت کی جبکہ نیول چیف کو جہازوں پر بریفنگز بھی دی گئیں.