آرمی چیف کےموقف سےکشمیریوں کے حوصلےبلند ہوئے،سردار یعقوب

آرمی چیف کےموقف سےکشمیریوں کے حوصلےبلند ہوئے،سردار یعقوب

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) سابق صدر و وزیر اعظم آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے اور بھارت کو ایک مضبوط پیغام دیا گیا ہے کہ اگر کشمیر کی آزادی کے لیے مزید 10 جنگیں بھی لڑنی پڑیں تو لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک محب وطن قوم ہیں، نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن کوئی بھی کشمیری بھارت کا ایجنٹ نہیں ہو سکتا۔ سابق وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے آزادکشمیر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے مزید آسان اور موثر راستے بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بلدیاتی نمائندگان کے مسائل فوری حل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے تاکہ عوامی مسائل حل ہوسکیں۔

سردار یعقوب خان نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں اور ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی سطح پر حمایت کے باعث بھارت سخت دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ شہداء کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور جلد کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے اورعوامی خدمت کو سیاست پر فوقیت دیتا رہوں گا اپنے دور حکومت میں تین میڈیکل کالجز دئیے اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروا ئے میرے دور حکومت میں جو ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے وہ آج بھی ایک مثال ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں ۔

حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کرے گی اور جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ اسے من و عن تسلیم کریں گے کارکنان ہمیشہ پارٹی ڈسپلن کے پابند رہے ہیں اور آئندہ بھی قیادت کے ہر فیصلے کو قبول کریں گے

ان خیالات کااظہار گزشتہ روز کشمیر ایکسپریس اور کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کے مرکزی دفتر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق صدر و وزیر اعظم سردار یعقوب خان نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس اور کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کشمیری عوام کی حقیقی آواز بن چکا ہے۔ نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود کشمیر ایکسپریس نے غیرجانبدارانہ اور اصولی صحافت کو فروغ دیا ہے، جو کہ ایک قابل تحسین اقدام ہے۔

انہوں نے کشمیر ایکسپریس اور کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کے نئے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ادارے کی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے چیف ایڈیٹر، ایڈیٹر سمیت دنیا بھر میں موجود پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور مزید ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سابق مشیر حکومت حافظ محمد صغیر بھی ان کے ہمراہ تھےحافظ محمد صغیرنے بھی کشمیر ایکسپریس کی صحافتی خدمات کی تعریف کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.