مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس،193ممالک شریک

مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس، پاکستان سمیت 193ممالک سے 260وزراء شریک

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اورترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو کی ملاقات

ہم دوست نہیں بھائی ہیں، ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ کو سرمایہ کاری و دورے کی دعوت

مراکش(کشمیر ایکسپریس نیوز)مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی میں پاکستان سمیت 193ممالک سے 260وزراء صاحبان،ماہرین اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں،18سے20فروری تک ہونے والی اس تین روزہ عالمی کانفرنس میں پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات،نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان وفد کی قیادت کر تے ہوئے نمائندگی کر رہے ہیں۔

گلوبل کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کے علاوہ پہلے روز وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالوغلو کی وفود کے ہمراہ ملاقات ہوئی اور اس موقع پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین بالخصوص مواصلات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ دوست نہیں بھائی ہیں،انہوں نے عبدالقادر یورالوغلو کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے انہیں موٹرویزM-6اورM-9کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ اس خطے میں ترکیہ کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے، بالخصوص روڈ انفراسٹرکچر، شاہرات پر گاڑیوں اور مسافروں کے تحفظ اور مجموعی طور پر معاشرتی ترقی میں ترکیہ نے گزشتہ چند عشروں میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ پاکستان میں ابھی اس ضمن میں بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔دونوں وزراء صاحبان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے بین الملکی منصوبے پر بھی گفتگو کی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مراکش میں ہونے والی چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس میں یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے کا خطاب بھی شامل ہے جبکہ پہلے روز کے افتتاحی سیشن میں منسٹریل راؤنڈ ٹیبل کا بھی انعقاد ہوا جبکہ پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفد کے ہمراہ افتتاحی سیشن میں شرکت کی جہاں اُن کی مختلف ممالک کے ماہرین اور وفود سے ملاقاتیں ہوئیں۔یہ گلوبل کانفرنس تین روز جاری رہنے کے بعد 20فروری کو اختتام پذیر ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.