بھارت کشمیریوں کےجذبہ حریت کوزیرنہیں کرسکتا،بیرسٹر

بھارت کشمیریوں کےجذبہ حریت کوزیرنہیں کرسکتا،بیرسٹر

نیو یارک (کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور

مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر امریکہ میں اوور سیز کشمیری ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی نو لاکھ فوج نے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا اور مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ قبضے سے آزاد ہو کر رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیویارک میں اپنے دورہ امریکہ کے اختتام پر لندن روانگی سے قبل ڈاکٹر شہزاد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی کشمیری عوام کو حق خوداردیت دلانے کے لیے موجود ہیں لیکن اقوام عالم کی بے حسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب تک حل طلب ہے لہذا اوورسیز کشمیری بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص امریکہ پر زور دیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک مشکل صورت حال سے نبرد آزما ہیں اور اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ لہذا عالمی برادری جہاں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے وہاں پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے کے لیے بھی اپنا رول ادا کرے۔

Comments are closed.