پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکی سردار اویس سے ملاقات
اسلام آباد:(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریٹ نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کو توانائی سیکٹر میں موجودہ حکومت کی کارکردگی اور نظم و ضبط لانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات کے ساتھ ساتھ گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کے بارے میں بھی بتایا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے اپنی کل بجلی کی پیداوار کا 55 فیصد سے زیادہ قابل تجدید اور صاف ذرائع سے پیدا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے 10 سالوں میں بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی میں ایک بھی فوسل فیول پلانٹ نہیں ہے جو ملک میں قابل تجدید اور صاف توانائی کے تئیں حکومت کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے برطانوی حکومت اور اس کے ترقیاتی اداروں کے ساتھ طویل شراکت داری کو سراہا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے موجودہ حکومت کی جانب سے کی گئی تمام اصلاحات کو سراہا اور توانائی کے شعبے میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے برطانوی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں سیکرٹری پاور ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری اور پاور ڈویژن کے دیگر حکام موجود تھے۔
Comments are closed.