پاکستان خودمختاری،دفاع پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریگا،انوارالحق

پاکستان خودمختاری،دفاع پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریگا،انوارالحق

اسلام آباد (وقائع نگار) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہونے پر مسلح افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین.وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ 27 فروری 2019 کا دن پاکستانی تاریخ کا ایک روشن باب ہے

جب مسلح افواج نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نہ صرف پاک فضائیہ کی شاندار صلاحیتوں کا مظہر تھا بلکہ اس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی طیارے کا آزاد کشمیر کی فضاؤں میں مار گرایا جانا دشمن کے لیے ایک ناقابلِ فراموش سبق تھا، اور میرے آبائی ضلع بھمبر کی سرزمین اس تاریخی لمحے کی گواہ بنی، جب بھارتی پائلٹ ابھینندن کو بھمبر کے بہادر باسیوں نے پکڑ کر کے افواجِ پاکستان کے حوالے کیا۔ یہ دن ہمیں اس قومی وحدت اور عسکری برتری کی یاد دلاتا ہے جو پاکستان کی پہچان ہے۔

وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ لائن آف کنٹرول کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے جوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں، کشمیری عوام انہیں کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

میں مسلح افواج پاکستان خصوصاً پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور پاکستان کی سرزمین کے دفاع میں نئی تاریخ رقم کی۔ ہم سب پاکستان کے چپے چپے کے محافظ ہیں اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.