پنجاب کےکالجزمیں ڈانس اورفحش سرگرمیوں پرسخت نوٹس

پنجاب کے کالجز میں ڈانس سمیت غیر اخلاقی اور فحش سرگرمیوں پر سخت نوٹس،محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نجی اور سرکاری کالجز میں ڈانس پر پابندی عائد کر دی

لاہور(کشمیر ایکسپریس نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے تمام نجی اور سرکاری کالجز میں ڈانس پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے تمام 9 ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فن فئیر اور سپورٹس گالا کی تقریبات میں طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے انڈین گانوں پر رقص کی شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے مقدس مقامات ہیں، جہاں غیر اخلاقی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

 

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام کالجز کے سربراہان کو پابندی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کریں۔ اگر کسی کالج سے اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ کالج کے سربراہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تعلیمی ماحول کو صاف ستھرا اور اخلاقی اقدار کے مطابق رکھنا اولین ترجیح ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.