حکومت کا آپریشن عزم استحکام پر مرحلہ وار عمل درآمد کا فیصلہ, حکمت عملی تیار

حکومت کا آپریشن عزم استحکام پر مرحلہ وار عمل درآمد کا فیصلہ, حکمت عملی تیار
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وفاقی حکومت نے آپریشن عزم استحکام پر مرحلہ وار عمل درآمد کا فیصلہ کیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آپریشن عزم استحکام سے متعلق تمام شراکت داروں سے مشاورت کے بعد حتمی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، وفاقی حکومت دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ڈائیلاگ کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو آپریشن کی وجوہات اور دائرہ کار پر اعتماد میں لیا، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے قومی ڈائیلاگ اور نئی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔حکومتی ذرائع کے مطابق آپریشن عزم استحکام کے دوران 30 فیصد کارروائیاں جبکہ 70 فیصد ڈائیلاگ اور دیگر اقدامات ہوں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ عاشورہ محرم کے بعد قومی ڈائیلاگ کے لیے کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف تمام سیاسی رہنماں سے رابطے بھی کریں گے اور اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیکر آگے بڑھا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انسداد دہشت گردی کیلئے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔

Comments are closed.