بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل داغ دیے، 5 امرتسر اور ایک آدم پور میں گرا: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے اپنے ہی ملک کی سرزمین پر 6 بیلسٹک میزائل داغ دیے، جن میں سے 5 بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر اور ایک میزائل آدم پور میں گرا۔ یہ بات انہوں نے رات گئے ایک اہم پریس بریفنگ کے دوران کہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ کارروائی انتہائی حیران کن اور خطرناک ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ خود بھارت کے اندر اقلیتی برادریوں کے لیے شدید خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بھارت اپنی ہی اقلیتی آبادیوں، خاص طور پر سکھوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی اندرونی انتشار، بدانتظامی اور اقلیتوں کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے سکھ برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ہماری ساری ہمدردیاں سکھ برادری کے ساتھ ہیں۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اس خطرناک اور غیرذمہ دارانہ حرکت کا نوٹس لے، کیونکہ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں