محرم الحرام، فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل، ڈبل سواری پربھی پابندی عائد
مظفرآباد(خبرنگار) آزاد کشمیر پولیس نے محرم الحرام میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو آخری شکل دے دی۔دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں عشرہ محرم میں ہزاروں عزاداری جلوس، مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔
اس حوالے سے آئی جی آزاد جموں وکشمیر عبد الجبار رانا نے کہا ہے کہ ریاست بھر سمیت دارالحکومت میں آزاد کشمیر پولیس کے آفیسران و اہلکاران سکیورٹی کے فرائض انجام دینگے۔
دارالحکومت مظفرآباد میں پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہونگے،آزاد کشمیر پولیس کو امن برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔
مجالس، عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی انتظامات میں پولیس کے ساتھ ساتھ رضا کار بھی معاونت فراہم کرینگے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی انتظامات میں فرائض سر انجام دینگے۔
آزاد کشمیر پولیس عشرہ محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ پر پابندی یقینی بنائیگی ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہو گی، حکومت کی طرف سے 07تا 10محرم الحرام کے دوران ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
علما ء کرام، امن کمیٹیوں، مجالس و جلوسوں کے منتظمین کیساتھ کوارڈنیشن مکمل کر لی ہے۔محکمہ پولیس،ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پوٹ آفیسران محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک، ہمہ وقت رابطہ میں ہونگے۔
دوسری جانب شہر بھر سمیت امام بارگاہوں کے قرب و جوار محرم الحرام کے حوالے سے دکانوں پر سامان سجا لیا گیا ہے جن پر عزاداری کا سامان اور دیگر تبرکات کو خریدنے والوں کا رش ہے خاص کر بچے شوق سے یہ سامان خرید کر رہے ہیں۔
Comments are closed.