پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں 23 ماہی گیروں کو بچا لیا
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران ایرانی ماہی گیر کشتی المحمدی کو طبی اور تکنیکی امداد فراہم کی اور 23 ماہی گیروں کو ریسکیو کیا۔
کشتی اپنی بندرگاہ سے 1200 ناٹیکل میل کے فاصلے پرانجن کی خرابی کی وجہ سے پھنس گئی تھی۔پی این ایس ذوالفقار نے فوری طور پر ماہی گیروں کی کشتی المحمدی کی ڈسٹریس کال کا جواب دیا۔
جہاز کی طرف سے رابطے پرکشتی نے عملے کے ایک رکن کے شدید زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ انجن کے خراب ہونے کی اطلاع دی اور ضروری مدد کی درخواست کی۔
پی این ایس ذوالفقار نے فوری طور پر اپنی طبی اور تکنیکی ٹیموں کو کشتی کی طرف روانہ کیا جنہوں نے زخمی ماہی گیر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس نے کشتی کے انجن کی مرمت کے دوران اپنا ہاتھ شدید زخمی کرلیا تھا۔
عملے کے دو مزید بیمار ارکان کا معائنہ کیا گیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ جہاز کی ٹیم نے کشتی کے انجن کی مرمت بھی کی۔
خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے قومی مقصد کے تحت پاک بحریہ اپنے جنگی بحری جہاز بحیرہ عرب اور بحر ہند کے خطے میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت پر باقاعدگی سے تعینات کرتی ہے۔
تعیناتی کے دوران، پاک بحریہ کے جہاز سمندر میں دیگر بحری جہازوں کو بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی آپریشن بحر ہند کے علاقے میں سفر کرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
[…] […]