کیپٹن حسین خان شہید کی 77ویں برسی،گارڈ آف آنر پیش
راولاکوٹ(کشمیر ایکسپریس نیوز) تحریک آزادی کشمیر کے نامور مجاہد شہید اعظم کیپٹن حسین خان شہید کی 77ویں برسی ان کے مزار واقع حسین کوٹ میں اس عہد و تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ جس مقصد کے لیے انھوں نے اپنی جان قربان کی ان کے چھوڑے ہوئے ادھورے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی
صبح کے وقت ضلع کی بڑی بڑی مساجد میں کیپٹن حسین خان شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں مزار پر ڈپٹی کمشنر پونچھ ممتاز کاظمی اور عسکری قیادت کی طرف سے ٹو اے اے کے برگیڈ کے کمانڈر نے پھولوں چادریں چڑھائیں پولیس اور فوجی دستوں نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
اس کے بعد ایک بڑی تقریب کا انعقاد ہوا جس کی صدارت سردار محمد شریف خان نے کی مہمان خصوصی آذاد کشمیر حکومت کے وزیر برائے پاپولیشن سردار محمد حسین خان تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار عبدالرشید ایڈووکیٹ نے انجام دیئے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سردار محمد حسین خان نے کہا کہ اس علاقہ سے ڈوگروں کا خاتمہ کرنے اور مہاراجہ ہری سنگھ کی جابر حکمران کو بھگوانے میں کیپٹن حسین خان شہید کا کردار ہے انھوں نے جہاد کے لیے اپنی تمام جمعہ پونجی لگائی اور ریٹائرڈ فوجیوں کو اگھٹا کیا
ایک منظم جنگ لڑکر یہ خطہ آزاد کروایا جہاں ہم سکون کا سانس لے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ کیپٹن حسین خان شہید کی برسی بنانے کا مقصد یہ ہے کہ نئی نسل کو ان کے کارہائے نمایاں سے آگاہ کرنا ہے اور ان کی خدمات کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالنا ہے
انھوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم چوہدری انوارلحق اس علاقہ کو ایک مثالی خطہ بنانا چاہتے ہیں اس علاقے کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ان کی حکومت میں اس علاقے کو ترقی میں عروج ملے گا اور شہید اعظم کے مزار تک سڑک نکالی جائے گی
انھوں نے کہا کہ آج ہم پانچ ہزار لوگوں کو اگھٹا کرکے جہاد کے لیے مقبوضہ کشمیر میں داخل کر لیں توکشمیر آزاد ہوجائے گا یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے انھوں نے کہا کہ آج پلندری کے عظیم سپوت کرنل (ریٹائرڈ) خان محمد خان کی برسی منائی جارہی ہے
اور وہ ایک روحانی شخصیت تھے انھوں نے علاقے کے لوگو ں کو تعلیم سے آراستہ کرنے میں بڑی مدد کی ہے خان آف منگ نے میرپور فتح کیا کرنل ہدایت خان نے بلوچ میں عملی جہاد کا آغاز کیا یہ علاقہ بڑی قربانیوں کے بعد آزاد ہوا کلیدی کردار کیپٹن حسین خان شہید کا ہے
ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی اس تقریب سے سردار ظہیر خان آف ہجیرہ،سردار شبیر خان گڑالوی،کونسلر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سردار عامر خورشید،امیر جماعت اسلامی راولاکوٹ سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ،سید آصف حسین شاہ،شیخ محمدعارف آف حویلی،خادم حسین آف ہجیرہ،سردار نعیم خان گڑالوی،منشاد انقلابی،سردار محمد جاوید ایوب خان،سردار محمد اشرف خان،سابق چیف انجینئر تعمیرات عامہ نے بھی خطاب کیا اور کیپٹن حسین خان شہید کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی آخر میں دعا کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
[…] کیپٹن حسین خان شہید کی 77ویں برسی،گارڈ آف آنر پیش […]