آزاد کشمیر کو نیا وزیر اعظم مل گیا،افتخار گیلانی کامیاب

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد کشمیر کو نیا وزیر اعظم مل گیا، 30 ووٹ لے کر بیرسٹر افتخار گیلانی کامیاب،راٹھور دور ختم فاروق حیدر کو منا لیا گیا، شاہ غلام قادر اجلاس سے غیر حاضر

کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک بار پھر اہم تبدیلی۔۔۔ ایوان میں حکومت بدلی، قائدِ ایوان بدلا اور آزاد کشمیر کو نیا وزیر اعظم مل گیا۔ فیصل ممتاز راٹھور کی حکومت کا سفر ختم، مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی 30 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے 17ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے، ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار عباسی 14 ووٹ حاصل کرسکے۔یوں فیصل ممتاز راٹھور کی حکومت کا سفر اختتام پذیر ہوا اور وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری بیرسٹر افتخار گیلانی کے سپرد ہوگئی، سابق وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نومنتخب قائدِ ایوان کو مبارکباد دی اور ایوان سے رخصت ہوگئے لیکن قائدِ ایوان کی تبدیلی کے ساتھ مسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست بھی خبروں میں رہی۔۔۔ سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کو منا لیا گیا، بیرسٹر افتخار گیلانی خود انہیں اسمبلی لے آئے، جبکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔ جس سے پارٹی کی اندرونی سیاست ایک بار پھر زیرِ بحث آگئی،دوسری جانب بیرسٹر افتخار گیلانی کے وزیر اعظم منتخب ہوتے ہی اسمبلی کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور کامیابی کا جشن منایااب وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی کے سامنے اصل امتحان شروع ہوگا، راولاکوٹ میں جاری دھرنا اور ایکشن کمیٹی کے مطالبات نئی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کے ساتھ کس انداز میں مذاکرات کرتے ہیں اور عوامی مطالبات کے حل کے لیے کیا حکمتِ عملی اختیار کرتے ہیں، اگر نئی حکومت یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو یہ بیرسٹر افتخار گیلانی حکومت کے لیے پہلا بڑا سیاسی کریڈٹ ہوگا، کیونکہ عوام اب سیاسی نعروں سے زیادہ عملی اقدامات، مسائل کا حل اور خطے میں ترقی چاہتے ہیں، توقع ہے کہ نومنتخب وزیر اعظم اپنی سیاسی و انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سینئر قیادت کے مشوروں اور تجربے سے استفادہ کریں گے اور ایک جامع پالیسی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.