برمنگھم،کشمیر ایکسپریس کی سالگرہ تقریب،وزیر اطلاعات کی شرکت

برمنگھم،کشمیر ایکسپریس کی سالگرہ تقریب،وزیر اطلاعات کی شرکت

برمنگھم (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 24ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب کا انعقاد ریذیڈنٹ ایڈیٹر برطانیہ سرفراز موسیٰ نے کیا، جس میں سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی طویل اور مؤثر صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس نے اپنی 24 سالہ صحافتی جدوجہد کے دوران ہمیشہ غیر جانبداری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ اصولوں کو برقرار رکھا، جو کہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخبار نے اوورسیز کشمیریوں کو اپنی ریاست کے عوام سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت آزادیِ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت میڈیا کے مثبت اور تعمیری کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے چیف ایڈیٹر زاہد تبسم، ایڈیٹر شمیم اشرف، ریذیڈنٹ ایڈیٹر برطانیہ سرفراز موسیٰ اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایکسپریس کی کامیابی دراصل اس کی ٹیم کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔

تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیر ایکسپریس کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے آزاد کشمیر کا ایک معتبر اور ذمہ دار اخبار قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور کشمیر ایکسپریس کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ خوشگوار ماحول میں کیک کاٹا گیا اور گروپ فوٹوز بھی بنائے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.