آزادکشمیر:پہلے مرحلے کی پولنگ ختم،ووٹوں کی گنتی جاری

میرپور (کشمیر ایکسپریس) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج مرحلہ وار موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹر ٹرن آؤٹ اور سیاسی جماعتوں کی درخواست پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی، جس کے بعد ووٹنگ شام 6 بجے اختتام پذیر ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی نتائج مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت جاری کیے جائیں گے، جبکہ نتائج کی ترسیل کا عمل مرحلہ وار جاری رہے گا۔

بھمبر میں بیلٹ باکس کو آگ لگا دی گئی

ضلع بھمبر کے علاقے دربار بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسند عناصر نے پولنگ باکس چھین کر آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق متاثرہ بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔

انتظامیہ کے مطابق مذکورہ پولنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر صورتحال معمول کے مطابق رہی، جبکہ اس اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

13 نشستوں پر 288 امیدوار مدمقابل

پہلے مرحلے میں میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں مجموعی طور پر 288 امیدوار میدان میں ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جبکہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات

میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2,316 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جن میں 1,241 انتہائی حساس اور 724 حساس قرار دیے گئے تھے۔

انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 18 ہزار 560 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ پاک فوج کے 2,100 جوان بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہے۔

کوٹلی میں دو پریذائیڈنگ افسران معطل، گرفتار

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ بے ضابطگی پر کوٹلی میں دو پریذائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں افسران پولنگ اسٹیشن پر موجود رہنے کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے کر نئے پریذائیڈنگ افسران تعینات کیے۔ گرفتار افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے۔

حکام کا مؤقف

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان کا کہنا تھا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے متحرک رہے۔

آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حتمی نتائج کا اعلان تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.