9 جون کی احتجاجی کال برقرار،لانگ مارچ ہر صورت ہوگا

سماہنی (تحصیل رپورٹر) جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر راجہ عابد اسلم نے ایکشن کمیٹی سماہنی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 9 جون کی احتجاجی کال برقرار ہے اور لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان سماہنی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ فرسودہ، ناانصافی پر مبنی اور عوام دشمن نظام کو اجتماعی شعور اور عوامی طاقت کے ذریعے مسترد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں باوقار مستقبل کی منزل قریب دکھائی دے رہی ہے۔

راجہ عابد اسلم نے اوورسیز کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی اخلاقی، مالی اور سفارتی حمایت نے عوامی حقوق کی تحریک کو نئی توانائی بخشی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ جہاں ممکن ہو، 9 جون کو پاکستانی ہائی کمیشنز اور سفارتی دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج ریکارڈ کروایا جائے تاکہ دنیا کو یہ پیغام ملے کہ کشمیری اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے دنیا بھر میں متحد، منظم اور بیدار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ اور احتجاجی پروگرام قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رہے گا۔ حکومت اور انتظامیہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے عوام کے جائز اور تسلیم شدہ مطالبات کے حل میں معاونت کرے۔ اگر کسی کارکن کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

انہوں نے بلدیاتی نمائندگان، سماجی شخصیات، سیاسی کارکنان، طلبہ، علماء کرام اور وکلاء سے اپیل کی کہ وہ ذاتی، جماعتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی حقوق کی اس تاریخی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق 9 جون کی کال کو کمزور، ناکام یا تقسیم کرنے کی کوئی بھی کوشش عوامی مفاد کے خلاف ہوگی۔

راجہ عابد اسلم نے کہا کہ یہ تحریک کسی فرد یا گروہ کی جنگ نہیں بلکہ ہر غریب، مزدور، تاجر، ملازم اور عام شہری کے حقوق کی جدوجہد ہے۔
انہوں نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا حق اور سچ کی آواز عوام تک پہنچانے، عوامی مسائل اجاگر کرنے اور مظلوم کی آواز بننے میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا 9 جون کی اہم عوامی کال اور حقوق کی اس تحریک کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کی قومی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھاتا رہے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.