مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی روزگار فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حکومت نے اپنے 07 ماہ کے اقتدار کے دوران عوام کی فلاح و بہبوداور ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے، ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کیلئے نیک نیتی اور انسانی ہمدردی کے تحت قانون سازی کی ہے،
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس رہاست کے ہزاروں ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کیلئے اہمیت کا حامل ہے جو ریاست کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں،
پچھلے عرصے میں ان ملازمین کے مسائل سنے جنہیں یہ یقین تھا کہ حکومت ان کی داد رسی کرے گی، یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ان ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے نہیں ہے
یہ وہ ملازمین ہیں جنہوں نے ریاست کی خدمت کیلئے اپنی عمر کا بیش تر حصہ صرف کر دیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان ملازمین کو ان کا حق دیا ہے جس پر میں پارلیمانی پارٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں تمام ایڈہاک عارضی ملازمین کو ان کی مستقلی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
