فیفا ورلڈ کپ میں مذہبی احترام کا دلکش نظارہ

(کشمیر ایکسپریس نیوز)فیفا ورلڈ کپ کے دوران ایک منفرد اور قابلِ توجہ منظر نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جب سعودی عرب کے قومی پرچم کو روایتی طریقہ کار کے برعکس زمین پر بچھانے کے بجائے ہوا میں بلند رکھا گیا۔

فیفا کے پری میچ پروٹوکول کے تحت عام طور پر دونوں ٹیموں کے بڑے قومی پرچم میدان میں لا کر گھاس پر بچھائے جاتے ہیں، تاہم سعودی عرب کے پرچم کے ساتھ ایسا نہیں کیا گیا۔ سعودی پرچم کو زمین سے اوپر رکھا گیا جبکہ بصری توازن برقرار رکھنے کے لیے حریف ٹیم اُروگوئے کے پرچم کو بھی اسی انداز میں بلند رکھا گیا۔

سعودی عرب کے سرکاری پرچم پر کلمۂ طیبہ درج ہے، جس کے باعث سعودی قوانین اور پرچم پروٹوکول کے تحت اسے زمین، مٹی یا پانی سے لگانے کی اجازت نہیں۔ اسی تقدس کے پیشِ نظر سعودی پرچم کو سوگ کے مواقع پر بھی آدھا نہیں جھکایا جاتا۔

یہ واقعہ بین الاقوامی کھیلوں میں مذہبی اور ثقافتی اقدار کے احترام کی ایک نمایاں مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جہاں عالمی اداروں نے ایک ملک کے قومی اور مذہبی تشخص کا مکمل احترام یقینی بنایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.