مقبوضہ کشمیر:انسانی حقوق پرتشویش، نوٹس کی اپیل

راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز): جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے اعلیٰ سطحی وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا اور حریت کانفرنس کی نو منتخب قیادت کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور تحریکِ آزادی کو مزید فعال و توانا بنانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی دگرگوں صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی گئی۔
وفد میں جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نائب امیر راجہ فاضل تبسم اور صدر ضلع اسلام آباد عطاء الرحمن چوہان، ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان اور انچارج میڈیا سردار نجیب الغفور خان شامل تھے۔ وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نو منتخب کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکریٹری پرویز احمد ایڈوکیٹ اور انفارمیشن سیکریٹری امتیاز وانی کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے ارکان نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب ٹیم اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کو مزید فعال، متحرک اور توانا بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ جماعت اسلامی اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے رہنماؤں نے حریت کی نئی قیادت کو اپنی جانب سے ہر ممکن اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات کے دوران تحریکِ آزادیِ جموں و کشمیر کی موجودہ نازک صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر اور سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں اور اداروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی کھلی پامالیوں کا فوری نوٹس لیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نو منتخب کنوینر غلام محمد صفی نے وفد کی آمد اور مبارکباد پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تحریکِ آزادی کے ساتھ جماعت اسلامی اور لبریشن سیل کے مسلسل اور بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کشمیر کی آزادی اور کامیابی کے مشترکہ ہدف کے لیے یہ ساتھ اسی طرح مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.