آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن کو برتری، 20 نشستوں کے نتائج سامنے آگئے
مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرلی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی متعدد نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں پر 2 اگست کو پولنگ ہوئی۔
مظفرآباد ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد فاروق حیدر خان، شاہ غلام قادر، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور راجہ ثاقب مجید خان کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید، محمد مختار عباسی اور سردار دیوان علی خان چغتائی نے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق، سید شوکت علی شاہ، محمد یاسین لون، احمد رضا قادری، چوہدری محمد اسماعیل، ناصر حسین ڈار، محمد عامر شاہ، چوہدری ذیشان علی، محمد احسن رضا اور مریم جاوید کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان اور عامر عبدالغفار نے بھی کامیابی حاصل کی۔
دوسرے مرحلے کے انتخابی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہےاور پارٹی نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 20 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
دریں اثناء مظفرآباد کے بعض حلقوں میں انتخابی عمل مکمل نہ ہوسکا۔ ایل اے 27 کوٹلہ میں انتخابی عمل اور ایل اے 28 لچھراٹ کے تین یونین کونسلز میں جزوی انتخاب 4 اگست کو ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد ان حلقوں کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مزید واضح ہوگئی ہے، جبکہ باقی نشستوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ کا مرحلہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
