بھارتی جبروتشدد سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں کمی نہیں آئے گی،یاسر سلطان
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادکشمیر کے وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان نے کہا ہے کہ بھارتی جبروتشدد سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں کمی نہیں آئے گی
پانچ اگست 2019ء بھارت کے غیر قانونی اقدام کو پانچ سال ہوگئے ہیں،کشمیری آج بھی آزادی کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
کشمیری شہدا کا خون اور قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔
اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کرئے اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا عالمی برادری نوٹس لے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر حکومت نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 ء کو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا
یہ دن مقبو ضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔گزشتہ پانچ سالوں کے ظلم وجبر کے باوجود ابھی تک بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری ہزاروں جانیں قربان کرنے کے بعد بھی پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا،اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔
وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان نے مزید کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی
اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا۔ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔
Comments are closed.