بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے،چوہدری یایسن

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے،چوہدری یایسن

سٹوک آن ٹرینٹ(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یسین نے کہا ہے کہ

5 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جب بھارت نے نہ صرف اپنے آئین کو پامال کیا ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی دھجیاں اڑا دی تھیں

اور مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور کشمیریوں کو دنیا کے سب سے طویل لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا اور آج بھی ظلم و جبر کا سامنا ہے

انہوں نے کہا کہ قوموں کی آزادی کی تحریکوں کو ظلم و جبر سے ختم نہیں کیا جا سکتا کشمیری یوم استحصال کے موقع پر بھرپور احتجاج کریں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 اگست کے حوالے سے جاری کردہ ایک پیغام میں کیا انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے ایک لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں مقبوضہ کشمیر کا ہر گھر اس تحریک میں اپنا خون پیش کر چکا ہے

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی 9 لاکھ سنگینوں کے سائے میں کشمیری بہادری اور عظمت کی داستانیں رقم کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے پاکستان خود شدید معاشی بحران کا شکار ہے لیکن قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے تو کوئی کس طرح اپنی شہ رگ اپنے دشمن کے حوالے کر سکتا ہے

انہوں نے کہا کہ عوام کے حکومتوں سے گلے شکوے ہو سکتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں اور ان کی تحریک کی پشت بانی کی ہے

انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا وعدہ اقوام متحدہ نے کیا ہے اور اس پر عملدرآمد کروانا بھی اقوام متحدہ کی زمہ داری ہے

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے جس کے نتائج دنیا کے لیے تباہ کن ہوں گے انہوں نے کہا یوم استحصال کے موقع پر کشمیری بھرپور انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کریں

Comments are closed.