ڈی جی ایس سی او نے نیلم میں فری لانسنگ حب کا افتتاح کردیا
اٹھمقام (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے SCO کے اقدامات کا تسلسل برقرار، دور افتادہ علاقوں میں نوجوانوں کے لیے ایک اور بڑا قدم ،ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے لائن آف کنٹرول پر واقع اٹھمقام ضلع نیلم میں فری لانسنگ حب کا افتتاح کر دیا فری لانسنگ حب میں نوجوانوں کی تربیت کا آغاز بھی کیا جائے گا جس کے باعث وادی نیلم کے نوجوانوں کو ترقی اور روزگار کے بھر پور مواقع میسر آئیں گے ڈی جی ایس سی نے اس موقع پر کہا کہ آزادکشمیر کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید ضروریات اور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ایس سی او (SCO) کے ہنگامی اقدامات جاری ہیں آزادکشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بھی بنائے گئے ہیں اور مختلف اضلاع اور اداروں میں فری لانسنگ حب کی سہولت کے ذریعے آزادکشمیر کے نوجوانوں کیلئے ترقی کے آسان اور تیز ترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، آزادکشمیر کے نوجوان ان سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی آن لائن خدمات دنیا بھر میں فراہم کر سکتے ہیں اور اس کے عوض اپنی آمدن کا آغاز اور اس میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں جو بلاشبہ غربت میں کمی کا باعث بنے گی، ان سہولیات سے استفادہ حاصل کرکے آزادکشمیر میں سیاحت کی صنعت کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی نیلم جتنا دور دراز ہے اتنا ہی خوبصورت اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے نیلم کا نوجوان اپنے علاقے کے اندر رہتے ہوئے بین الاقوامی سطح کی سہولیات سے استفادہ کرے گا یہ نیلم کا پہلا فری لانسنگ حب ہے آرمی چیف کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 40 سے زائد آئی ٹی پارکس اور فری لانسنگ حب بنا دیے ہیں جو کامیابی کے ساتھ سروسز فراہم کر رہے ہیں اس کے بعد مزید حب قائم ہوں گے شہری اور دیہی علاقے ہماری ترجیحات میں یکساں طور پر شامل ہیں میری خواہش ہے کہ اٹھمقام میں بھی یہ کلچر پھلتا پھولتا رہے مجھے نیلم کی یوتھ سے بہت توقعات وابستہ ہیں اس موقع پر وادی نیلم کے نوجوانوں اور سول سوسائٹی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.