6 ستمبرہماری قومی تاریخ میں فیصلہ کن دن کی حیثیت رکھتا ہے، نیول چیف

6 ستمبرہماری قومی تاریخ میں فیصلہ کن دن کی حیثیت رکھتا ہے، نیول چیف

یوم ِدفاع 6 ستمبر 2024 کے مو قع پرچیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)6 ستمبرہماری قومی تاریخ میں فیصلہ کن دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن پاکستان کی ناقابلِ تسخیر مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم، بے مثال جذبے اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شجاعت کا یہ باب قومی تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم ہے جس نے ہر پاکستانی کے دل کو فخر سے معمور کیا کہ اُس دن ہمارے جوانوں نے لازوال حب الوطنی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نہ صرف لوہا منوایا بلکہ قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ۔ یہ دن قوّی پیغام دیتا ہے کہ ہمارے ملک کی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں اور ہم بطور متحد قوم اس مادرِ وطن کی سالمیت اور دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
آج کے دن ہم ان جرأت مند سرفروشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی منصوبہ بندی میں زیرک ، حملہ کرنے میں بے خوف اور دشمن کے دلوں میں ہیبت طاری کرنے والے تھے۔ پاک بحریہ کا آپریشن ’سومنات‘ اس عزم کا بھر پور عکاس ہے جس میں جنگی بحری بیڑے نے بھارتی ریڈار اسٹیشن اور دوارکا کی ساحلی تنصیبات کو تباہ کیا۔ اس آپریشن نے جنگ کے آغاز سے ہی سمندر میں پاکستان کی بلا مقابلہ بر تری کو قائم کیا۔ آپریشن دوراکا اور بحرِ ہند میں آبدوز غازی کی موجودگی نے بھارتی بحریہ کو اُن کی ہی بندرگاہوں میں قید رکھا اور انہوں نے کھلے سمندر میں آنے کی جرأت نہ کی۔
آج کا دن ہم اپنے بہادر بحری محافظوں کے کارہائے نمایاں اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منا رہے ہیں۔ بحری سرحدوں کے دفاع اورسمندری تجارتی راستوں کی حفاظت جو ہماری اقتصادیات کی روحِ رواں ہیں،کے فرض کی ا دائیگی میں پاک بحریہ ہردم کوشاں ہے۔ پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں جدید جہازوں کی شمولیت دفاعی تیاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہے جو قومی خوشحالی اور اقتصادی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے ناقابلِ تسخیر دفاع کے حصول میں ہماری شبانہ روز کا وشوں کا مظہر ہے۔ ہم پاکستان نیوی کو ایک مضبوط بحری فوج بنانے کے عزم پر کاربند ہیں جو نہ صرف ہمارے قومی مفادات کا تحفظ کرے بلکہ ہماری قوم کواقوامِ عالم میں بلند اورعظیم مقام پر فائز کرے۔
قومی یکجہتی اور ولولے سے بھرپور اس دن کے موقع پر ہم پاکستان کی بحری سرحدوں اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے مقدس فریضہ کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے نظریاتی اُصولوں پہ مبنی مادرِ وطن کے باسیوں کے لیے بھائی چارے اور برابری کے جذبہ کو اُجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور اپنی بری، بحری اور فضائی افواج کے افسروں و جوانوں کی لازوال قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں جن کے کارنامے ہمیں کسی بھی غیر یقینی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر دم تیار رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ آج کے دن،اللہ سبحانہُ تعالیٰ پر مکمل ایمان کے ساتھ پاکستان نیوی کے آفیسرز ، سی پی اوز/ سیلر ز اور نیوی سویلینز پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمارامحافظ اور راہنما ہو ۔آمین
پاکستان نیوی زندہ باد پاکستان پائندہ باد

Comments are closed.