پاکستان کے باصلاحیت نوجوان مایوسی کی فضا کو علم کی روشنی سے بدلیں ،حافظ نعیم الرحمن
پاکستان کے مسائل کا واحد حل منظم جدوجہد ہے ۔نوجوان اس میں بنیادی کردار ادا کریںا میر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم کا نوجوان خواتین سے لائیو سیشن میں خطاب
پاکستان کی نوجوان نسل منافق نہیں ہم ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں خواتین کو کمانے ، خرچ کرنےاور وراثت میں حق حاصل ہو۔ڈاکٹر حمیرا طارق
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان ہماری نسلوں کا ہے کسی جاگیردار یا بیوروکریٹ کا نہیں ہے۔ان کی وجہ سے اپنے ملک کو برا نہ کہیں نہ ملک چھوڑ کر جائیں۔نوجوان بھیڑ چال میں نہ چلیں اپنی دنیا آپ پیدا کریں۔
یہ بات امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی سے چترال کل پاکستان کے نوجوان خواتین و طالبات کے لائیو سیشن میں براہ راست خطاب میں کہی ،لاہور کے مقامی ہوٹل میں بڑی تعداد میں نوجوان خواتین امیر جماعت اسلامی پاکستان کا خطاب سننے کے لیے موجود تھیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے براہ راست سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہاؤس وائف ورکنگ ویمن ہیں ، معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان کے ادارے میں ان کا بنیادی کردار ہے جس کی قدر افزائی لازمی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مذید کہا کہ جن لوگوں نے پاکستانی نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ہمیں مل کر انہیں تنہا کرنا ہے۔ریاست ریاستی ادارے نہیں ہیں ،ریاست دراصل عوام ہیں۔پارلیمنٹ ، فوج ، عدلیہ عوام کی خدمت کے لیے ہیں ،یہ ریاست نہیں ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوان علم سے اپنارشتہ مضبوط کریں ۔ترقی یافتہ قوموں کی طرح مطالعے کی عادت اپنائیں۔محنت کو اپنا شعار بنائیں۔اور اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل منظم جدوجہد ہے اور اس میں نوجوانوں کا کردار بنیادی ہے۔
علاوہ ازیں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل منافق نہیں ہے جو سوچتی ہے وہی کہتی ہے۔ہم نوجوانوں کے لیے ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں خواتین کو کمانے، خرچ کرنے، وراثت میں حق حاصل ہو۔تضحیک و خوف سے آزاد ہو کر اپنے فرائض ادا کرے۔
جہاں مرد اسے ہراساں نہ کرے بلکہ اس کا محافظ اور کفیل ہو۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے مذید کہا کہ تعلیم پر بھرپور توجہ دے کر پاکستان کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر چترال سے کراچی تک خواتین کی بڑی تعداد لائیو سیشن میں شریک تھی۔انھوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے سوالات کیے۔لائیو سیشن میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ناظمہ ضلع لاہور عظمی عمران بھی موجود تھیں
Comments are closed.