آزادی پہلی جبکہ تعمیر و ترقی دوسری ترجیح ہے،پیرمظہرسعید
لیپہ (کشمیر ایکسپریس نیوز ) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے نظریے، عقیدے اور منزل میں کوئی ابہام نہیں۔ کشمیر کی شناخت قبل از اسلام کی ہے۔
اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چل کر منزل حاصل کریں گے۔ آزادی ہماری پہلی جبکہ تعمیر و ترقی دوسری ترجیح ہے۔ تعمیر و ترقی کے لیے وسائل مہیا کریں گے۔ افواج پاکستان ہمارا سینہ اور ہم سب افواج کی پشت ہیں۔ سینہ اور پشت مل کر جسد واحد بناتے ہیں۔
کسی کو بھی اس جسد واحد کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ہندوستان نہ کھبی کشمیریوں کا ہمدرد ہوا اور نہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیپہ میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اعزاز میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں وزرا حکومت دیوان علی خان چغتائی، فیصل ممتاز راٹھور ، پیر مظہر سعید شاہ، میاں عبدالوحید، اظہر صادق، جاوید بڈھانوی، سردار میر اکبر خان، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمارے ہیرو برہ ان وانی ، افضل گورو، سجاد راولاکوٹ، علی گیلانی، آسیہ اندرابی، اہلیہ غازی بابا، تیرہ جولائی 1931 کے شہدا، سبز علی خان، ملی خان ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے کشمیر شناخت نہیں دی بلکہ کشمیر کی شناخت قبل از اسلام کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے اڑھائی لاکھ شہداء کا قاتل ہری سنگھ اور راجندر سنگھ ہیرو نہیں ہو سکتا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت سے آزادی بھی حاصل کریں گے اور اسلامی فلاحی ریاست بھی بنائیں گے۔