سانحہ ڈی چوک پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا تین روزہ سوگ کا اعلان
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا “سانحہ ڈی چوک “ کی وجہ سے تین روز سوگ کا اعلان ۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی ۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی “سانحہ ڈی چوک” میں شہید ہونے والے انیس ستی کے گھر علی پور اسلام آباد پہنچےجہاں انہوں نے شہید جمہوریت انیس ستی کے والد سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔ چیف آرگنائزر حمید پوٹھی ، نائب صدر سردار ارزش خان ، نوجوان رہنما پی ٹی آئی ہدایت اللہ و دیگر بھی ہمراہ تھے۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ قائد پاکستان عمران خان کا سپاہی بن کر معصوم انیس ستی کی شہادت پر تعزیت کرنے آیا ہوں ،سانحہ ڈی چوک پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ الفاظ میں یاد رکھا جائے گا ،
ہم نے اپنے آنکھوں سے اپنے معصوم کارکنوں کو گولیوں سے چھلنی ہوتے دیکھا ، یہ فاشسٹ حکومت ہے جس نے نہتے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کی ، دل رنجیدہ ہے ، شہدائے جمہوریت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پارٹی شہدا کے ورثا کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی
،سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ تین روز تک آزاد کشمیر میں پارٹی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں ، ہم شہدا اور زخمیوں کے ورثا سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ڈی چوک سانحہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ پاکستان واقعہ کی تحقیقات کر کے حقائق منظر عام پر لائے اور ذمہ داران کو قرار واقعہ سزا دی جائے ۔