بلدیاتی اداروں کوفنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،وزیر اعظم

بلدیاتی اداروں کوفنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،وزیر اعظم

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)زیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سےچیئرمین ضلع کونسلز آزادکشمیر کے وفد نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی.

وفد میں چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی, چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، چیئرمین ضلع کونسل پونچھ راولاکوٹ سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ، چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی چوہدری عبدالغفور، چیئرمین ضلع کونسل سدھنوتی سردار امجد جاوید، چیئرمین ضلع کونسل باغ پروفیسر سردار محمد آصف خان،چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی چیئرمین ضلع کونسل بھمبر ڈاکٹر چوہدری محمد یوسف اور چیئرمین ضلع کونسل نیلم غلام مجتبیٰ مغل شامل تھے۔ وزیر بلدیات فیصل ممتاز راٹھور بھی موجود تھے.

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسلز کے وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل اور فنڈز کی کمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا.

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کوفنڈز کی فوری اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لئے حکومت تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی تاکہ اختیارات اور اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی ممکن ہوسکے. انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے.

وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور ریاست کی عوام کو صحت, تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی.

وفد نے بتایا کہ بہت جلد راولاکوٹ کے مقام پر ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں آزادکشمیر بھر سے ممبران ضلع کونسلز اور مختلف عوامی نمائندے شرکت کریں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.