پی ٹی آئی برطانیہ کا احتجاجی مظاہرہ ،سردرا زعیم آبدیدہ ہوگئے

پی ٹی آئی برطانیہ کا احتجاجی مظاہرہ ،سردرا زعیم آبدیدہ ہوگئے

مانچسٹر (کشمیر ایکسپریس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ کے زیر اہتمام مانچسٹر میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں “گولی کیوں چلائی؟” کے عنوان سے کارکنان نے پاکستانی حکام کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

مظاہرے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار زعیم سدوزئی نے خطاب کیا اور پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے کی کوشش کی۔سردار زعیم نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کا پیغام لے کر برطانیہ آئے ہیں اور کارکنان کے جذبے کو دیکھ کر ان کا دل خوش ہوا۔

انہوں نے ڈی چوک میں پیش آنے والے سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں کئی افراد شدید زخمی اور شہید ہوئے۔

اپنی تقریر کے دوران انہوں نے اس المناک واقعے کو بیان کرتے ہوئے جذباتی انداز اختیار کیا اور آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں اور انہیں اپنی آواز بلند کرتے رہنی چاہیے تاکہ انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رہے۔

سردار زعیم سدوزئی نے مزید کہا کہ ڈی چوک میں جو کچھ ہوا، وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور بین الاقوامی برادری کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں انصاف، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھاہم پرامن ہیں اور ہمیشہ پرامن رہیں گے، لیکن ظلم و زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “گولی کیوں چلائی؟”، “انصاف دو” اور “ظلم کے خلاف خاموشی جرم ہے” جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے پاکستانی حکومت کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف پرجوش انداز میں اپنے تحفظات کا اظہار کیااحتجاج کے دوران کارکنان نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک پاکستان میں انصاف اور قانون کی حکمرانی قائم نہ ہو جائے۔

مظاہرین نے برطانوی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنا کردار ادا کرے۔مظاہرے میں کئی دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے حکومت وقت کے اقدامات کی شدید مذمت کی اور کارکنان کو پرامن جدوجہد جاری رکھنے کی ترغیب دی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ احتجاج کا اختتام دعاؤں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق رائے کے ساتھ ہوا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.