مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق انتقال کر گئے
راولپنڈی(کشمیر ایکسپریس نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق دل کے عارضے کے باعث انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
صدیق الفاروق کا شمار مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین بھی رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سیاست کے علاوہ ایک کتاب بھی تحریر کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صدیق الفاروق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک مخلص اور زیرک رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
صدیق الفاروق کے انتقال سے پاکستان کی سیاست ایک تجربہ کار اور وفادار رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔