سپیکرز کانفرنس،فیصلہ سازی میں بڑی مدد ملے گی،لطیف اکبر
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)زادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اٹھارہویں سپیکرز کانفرنس منعقد کرنے جا رہے ہیں
جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس سردار ایاز صادق کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے ،پاکستان کی تمام صوبائی اسمبلیوں ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان اسمبلیوں کا اس میں شامل ہونا خوش آئند ہے ،اس سے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے اور اسمبلیوں کی استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی ،
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے فیصلہ سازی میں بھی بڑی مدد ملے گی۔اس سپیکرز کانفرنس سے جمہوریت مضبوط ہوگی ،قومی اسمبلی کے سپیکر کو یقین دلاتا ہوں کہ جمہوری اداروں کی مضبوطی اور اسمبلیوں کی استعداد کار کو بڑھانے میں ان سے بھرپور تعاون کریں گے ،
انہوں نے کہا کہ سپیکرز کانفرنس کے انعقاد سے سیز فائر لائن کے دوسری جانب مضبوط پیغام جائے گا ،قومی اسمبلی اور سینٹ سے کشمیر کے حوالے سے قراردادیں منظور ہوتی رہی ہیں ،سپیکرز کانفرنس میں بھی کشمیر کے حوالے سے قراراداد کی منظوری سے اچھا پیغام جائے گا