یونان،تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5ہلاک،متعدد لاپتہ
یونان(کشمیر ایکسپریس نیوز)یونان کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی کے ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب ایک کشتی ڈوب گئی، جس میں بیشتر مسافر پاکستانی تھے۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق اس حادثے میں 5 افراد کی ہلاکت ہوئی، 40 افراد لاپتا ہیں، اور 39 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ لاپتا افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والے پاکستانیوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو 5 روز میں اس واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور اس مافیا نے متعدد خاندانوں کو تباہ کیا ہے۔ انہوں نے اس مافیا کے خلاف ایف آئی اے کو ملک بھر میں کارروائیاں کرنے کا حکم دیا۔