حاجی عبد الرحیم کی نماز جنازہ ادا، آبائی گاؤں چوکیاں بیٹھک میں سپرد خاک
بیٹھک،بلوچ (نمائندہ کشمیر ایکسپریس)سردار حاجی عبد الرحیم کی نماز جنازہ آبائی گاؤں چوکیاں بیٹھک میں ادا کی گئی، جس کے بعد مرحوم کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر حکومت سردار فہیم ربانی، سردار عاقب فاروق، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ، صحافیوں اور عوام علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مرحوم سردار حاجی عبد الرحیم کو چوکیاں برادری کا عظیم سپوت اور علاقے کا ایک باوقار اور معتبر رہنما قرار دیا گیا۔ وہ ایک نیک دل، خوش اخلاق، اور باصلاحیت شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ ان کی شرافت، قائدانہ صلاحیتوں اور سماجی خدمات کو عوام نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
سردار حاجی عبد الرحیم کی وفات پر سردار عظیم، سردار فضل الہی، سردار فاروق، سردار ظہور، سردار ساجد اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔