سانحہ اے پی ایس پشاورکودس سال مکمل، آٹھمقام میں ریلی
نیلم(کشمیر ایکسپریس نیوز)ملک بھر کی طرح سانحہ اے پی ایس پشاورکودس سال مکمل ہونے پر شہداء کی یاد میں آٹھ مقام میں ریلی نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھ مقام سے شہداء بن تل چوک تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت مال آفیسر چوہدری بشارت نے کی، سانحہ پشاور کے 144 شہداء کوخراج عقیدت پیش کیاگیا۔ ریلی میں سول سوسائٹی، انجمن تاجران، طلبا سمیت ہرمکتبہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے 16 دسمبر 2014 آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ شرکاء ریلی نے دہشت گردوں کیخلاف پلے کارڈ پر نعرے درج کررکھے تھے۔
اس موقع پر مقررین چوہدری بشارت مال آفیسر ،انجمن تاجران کیل کے صدر چوہدری خان ولی،پائلٹ ہائی سکول آٹھمقام سے سید اشفاق بخاری ،صدرپرائیوئٹ سکول ایسوسی ایشن آفتاب تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش سانحہ ہے،
پوری قوم بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ آج جب کہ پاکستان کی تاریخ کے ایک ناقابل فراموش سانحے، ایک بہت بڑے نقصان کے دس سال مکمل ہو رہے ہیں، ہمارا دل غم زدہ اور خون کے آنسو روتا ہے.
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا دل سوز واقعہ تھا جس کی یاد ایک دہائی سے ہمارے دلوں کو مضطرب کر رہی ہی ہے۔ ان ننھی کونپلوں نے اس دن ناقابل برداشت ظلم و بربریت کا سامنا کیا اور جام شہادت نوش کیا۔ ان خاندانوں اور والدین جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس بھیانک سانحے میں کھو دیا، جن کے لخت جگر ان سے چھین لئے گئے، کے غم اور تکلیف کو کسی طور بھی کم نہیں کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یاد رکھنا چاہیے کے فتنہ الخوارج اور ان جیسے دوسرے دہشت گرد ملک دشمن گروہوں کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کسی بھی معاشرتی اقدار سے۔ بیرونی ملک دشمن عناصر کی ایماء پر یہ بزدل معصوم پاکستانیوں کو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے نشانہ بناتے ہیں۔
پوری قوم ان بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور انشاء اللہ کھڑی رہے گی۔کشمیری قو م انہیں خراج عقیدت، ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ریلی سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
آخر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ریلی میں سب انسپکٹر فوڈ اتھارٹی خواجہ ممتاز،بلدیہ کے چیف آفسر رانا الف دین کے علاؤہ سول سوسائٹی، طلبہ، صحافی، اساتذہ اور (ر)نائب تحصیلدار راجہ فرمان علی نے شرکت کی۔ریلی میں مولانا قاسم الدین نے ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی مانگی۔