پنجاب حکومت نوجوانوں کیلئے انقلابی منصوبے دے رہی ہے، بریگیڈیئر (ر)بابر
راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا سیمینار میں چیئر پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ برائے ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم، یونیورسٹی رجسٹرار محمد عقیل سلطان، ڈین، ڈاریکٹرز اور پرنسپل افسران نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور انہیں کامیابی کے اصولوں، محنت اور مستقل مزاجی کی اہمیت پر زور دیا
انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں اور صوبائی حکومت نے نوجوانوں کے لئے انقلابی منصوبے دیئے ہیں بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی
اور کہا کہ پاکستان کی ترقی نوجوان نسل کی مثبت سوچ اور عملی اقدامات پر منحصر ہے انہوں نے طلباء کو اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کے لیے تیار ہونے کی اہمیت سے آگاہ کیا اور طلباء کو زندگی میں مقصد کے تعین اور اس کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی
سیمینار میں طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اس موقع پر مہمان خصوصی نے یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم کے ہمراہ پودا بھی لگایا۔