انتشار سے بچنےکیلئے حکمت عملی کامظاہرہ کیا،وزیراطلاعات
نیلم(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ نے نیلم پریس کلب کی حلف برداری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران حکومت نے انتشار سے بچنے کے لئے حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔
دشمن عناصر کی سازشوں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لئے صحافی اپنا کردار ادا کریں۔سوشل میڈیا پر افواہ سازی ریاست مخالف مہم کی حوصلہ شکنی ضروری ہے وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال آٹھمقام کا اچانک دورہ کیا۔
شعبہ ایمرجنسی میں دستیاب ادویات اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تعینات سٹاف کی حاضری چیک کی۔ پیر مظہر سعید شاہ نے سٹاف کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر حاضر سٹاف کے خلاف تادیبی کاروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیر اطلاعات نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے دریافت کیا وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے ضلعی دفتر تعلقات عامہ نیلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پرناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر اطلاعات نے ضلعی دفتر سمیت پریس کانفرنس ہال کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر آفیسر اطلاعات محمد حنیف نے وزیر اطلاعات پیر مظہرسعید شاہ کو کارگزاری اور ضلعی دفتر کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اطلاعات پیر مظہرسعید شاہ نے دفتری مکانیت اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے پہلے ضلعی دفتر آمد پر وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کا آفیسر اطلاعات محمد حنیف نے سٹاف کے ہمراہ استقبال کیا۔